پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق حج 2026 کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور پہلی حج پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی ہے۔
پی اے اے کے مطابق پرواز پی کے 742 شام 7 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی، جس میں 165 عازمین حج سوار تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے تحت حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔ یکم جون کو اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور کوئٹہ کے مختلف ایئرپورٹس پر مزید پروازیں پہنچیں گی۔
مجموعی طور پر سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمین حج کو وطن واپس لایا جائے گا۔ واپسی کا یہ عمل 471 پروازوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اور سعودی ایئر لائنز حصہ لے رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹس پر حجاج کرام کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ واپسی کا عمل منظم اور آرام دہ انداز میں مکمل ہو سکے۔