عالمی ادارے نے 2027 کے متعلق بھیانک پیشگوئی کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا سب سے زیادہ گرم سال ثابت ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی تازہ رپورٹ نے عالمی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے متعلق خطرے کی نئی گھنٹی بجا دی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 2026 سے 2030 کے درمیان زمین کا اوسط درجہ حرارت مسلسل بلند رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس دوران کوئی ایک سال گزشتہ تمام گرمی کے ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔ رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 2027 اس فہرست میں سرفہرست ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں عالمی درجہ حرارت خطرناک حد، یعنی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ، سے اوپر جانے کے امکانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ یہی وہ حد ہے جسے دنیا نے پیرس ماحولیاتی معاہدے میں موسمی تباہی سے بچنے کے لیے اہم قرار دیا تھا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں میں زمین مسلسل گرم ہوتی جا رہی ہے اور 2015 کے بعد سے اب تک تقریباً تمام سال شدید ترین گرمی کے ریکارڈ میں شامل ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں 86 فیصد امکان موجود ہے کہ کوئی ایک سال 2024 کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2026 کے اختتام پر ال نینو سسٹم دوبارہ شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات 2027 میں دنیا بھر کو شدید گرمی، طوفانوں، خشک سالی اور غیر متوقع بارشوں کی صورت میں متاثر کر سکتے ہیں۔