مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری ہی سب سے موثر راستہ ہے،ایرانی صدر

مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری ہی سب سے موثر راستہ ہے،ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے باہمی اعتماد، تعمیری رابطوں اور سنجیدہ مذاکرات کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایرانی صدر کی قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، سفارتی کوششوں اور کشیدگی کے خاتمے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے اور مختلف تنازعات کے حل کے لیے سیاسی و سفارتی ذرائع کو موقع فراہم کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ تہران ایسے باعزت اور منصفانہ فریم ورک کا خواہاں ہے جو جنگ، کشیدگی اور عدم استحکام کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو۔

یہ بھی پڑھیں :مسلمان ایک ہوجائیں تو وہ ایک دوسرے کا دفاع کرسکتے ہیں، ایرانی صدر

ایرانی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی سفارتی پیش رفت کے لیے تمام فریقوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ امریکا کو بھی حقیقی سیاسی عزم دکھانا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانا چاہیے۔

ایران اور قطر کے درمیان ہونے والی یہ گفتگو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں اور مذاکراتی کوششوں پر توجہ دی جا رہی ہے،ایران کا مؤقف ہے کہ دیرپا امن کے لیے باہمی احترام، اعتماد سازی اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

editor

Related Articles