ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ انیئس کالامار نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کو نفرت انگیز قرار دے دیا۔
ایک بیان میں انہوں نے صدر ٹرمپ پر تنقید کرتے کہا کہ ایرانی پلوں، بجلی گھروں کو تباہ کرنے کے بعد سب سے پہلے متاثر شہری ہوں گے ، نہ بجلی، نہ پانی اور حملوں سے بچنے کے لیے کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
سربراہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ٹرمپ کا ایران کو دھمکی آمیز ٹوئٹ بھی شیئر کیا اور کہا یہ ممکنہ طور پر جنگی جرائم کی سلسلہ وار مثال ہے، یہ ہیں ڈونلڈ ٹرمپ جو سپہ سالار ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے سوشل میڈیا بیان میں بے ہودہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ کل ایران کے بجلی گھر اور پل تباہ کئے جائیں گے، آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ جہنم میں دھکیل دیے جاؤ گے، ایران میں پلانٹ اور پل دونوں ایک ساتھ لپیٹ میں آئیں گے۔
ٹرمپ نے یہ بھی دھمکی دی کہ ایران میں ایسا منظر دیکھا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہو گا، بس دیکھتے جاؤ، بہت حد تک امکان ہے آج معاہدہ ہوجائے، ایران کے کچھ عہدیدار بات چیت کر رہے ہیں ۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسٹیووٹکوف اور جیرڈ کشنر ایرانیوں کے ساتھ سخت مذاکرات کررہے ہیں، ایران نے معاہدہ نہ کیا تومیں سب کچھ تباہ کرنے،تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔
امریکی نیوز نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تنازع ہفتوں میں نہیں دنوں میں ختم ہونا چاہیے، اگر معاہدہ نہ ہوا تو بہت کم چھوڑ کر پورے ایران کو تباہ کیا جاسکتا ہے، امریکا کی زمینی فوج کا جانا ضروری نہیں لیکن یہ خارج از امکان بھی نہیں ہے۔