عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا، جس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں خاص طور پر شادیوں کی خریداری میں مصروف صارفین میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 862 روپے ہو گئی۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 1801 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 9 ہزار 689 روپے تک آ گئی ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار ہے جہاں فی تولہ چاندی 65 روپے سستی ہو کر 7849 روپے کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 21 ڈالر کی کمی کے بعد 4555 ڈالر پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں مسلسل تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے،بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔