وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک کی پہلی آئی ٹی مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی اور ادارہ شماریات کے باہمی اشتراک سے آئی ٹی مردم شماری ہوگی، نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں کا جامع ڈیٹا جمع کیا جائے گا تاکہ پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں پیش کر سکے۔
ذرائع وزارت آئی ٹی کے مطابق آئی ٹی ورک فورس کا ملک گیر ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، آئی ٹی مردم شماری میں فری لانسرز، ویڈیو ایڈیٹرز اور کال سینٹر ملازمین کا ڈیٹا بھی جمع ہوگا، کال سینٹر ملازمین کی مہارتوں کو بھی کیٹیگرائز کیا جائے گا۔
آئی ٹی مردم شماری سے قابل اعتماد آئی ٹی ڈیٹا پہلی بار دستیاب ہوگا، حکومت کو پالیسی سازی اور پلاننگ میں مدد ملے، آئی ٹی ماہرین کےلیے بیرون ملک کام کے مواقع بہتر ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق آئی ٹی مردم شماری سے حاصل ہونے والا مستند ڈیٹا حکومت کو مؤثر پالیسی سازی، بہتر منصوبہ بندی اور آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، اس اقدام سے نہ صرف ملک میں ڈیجیٹل روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین کے لیے عالمی منڈی میں نئے دروازے بھی کھلیں گے، جو معیشت کے استحکام میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔