مہنگائی کے دباؤ نے ایک بار پھر شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جہاں بنیادی اشیائے خورونوش میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے وہیں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام صارف کیلئے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے حالیہ 7 روپے اضافے کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 540 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ مجموعی طور پر صرف ایک ہفتے میں مختلف شہروں میں 36 روپے سے 50 روپے فی کلوگرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس نے گوشت خریدنا متوسط طبقے کیلئے بھی مشکل بنا دیا ہے۔
اسی طرح زندہ برائلر مرغی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ فارم ریٹ 345 روپے فی کلوگرام، تھوک ریٹ 359 روپے جبکہ پرچون سطح پر قیمت 373 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں کے اس تسلسل نے مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شناختی کارڈزاور ب فارم کی فیسوں میں اضافے کا پلان ،نادرا نے صارفین کی طرف سے انتباہ جاری
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت بھی بڑھ کر 246 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے جس سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سبزیاں، دالیں اور دیگر ضروری اشیاء مہنگی تھیں، اب مرغی اور انڈے بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔
خوراک کی قیمتوں میں یہ اضافہ سپلائی چین میں مسائل فیڈ کی قیمتوں میں اضافہ اور مجموعی مہنگائی کے اثرات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی سطح پر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں اشیائے خورونوش مزید مہنگی ہو سکتی ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں پر کنٹرول کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے اور روزمرہ زندگی آسان ہو۔

