پارلیمنٹ ہاؤس میں حکمران اتحاد کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر دفاع خواجہ آصف کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، ریاض پیرزادہ، بیرسٹر عقیل ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
حکومت نے اپنے اتحادی جماعتوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اعتماد میں لیتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پارلیمانی پارٹی کو موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے ہیں۔
اجلاس کے بعد وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بتایا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سمیت دیگر اقدامات پر غور کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالات معمول پر آنے کے فوراً بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی۔