اسلام آباد میں ہونے والے اہم سفارتی رابطوں کے بعد ’’اسلام آبادٹالکس‘‘سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، جہاں دنیا بھر کے صارفین پاکستان کے کردار کو غیر معمولی قرار دے رہے ہیں۔
حالیہ پیش رفت میں پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور رابطوں کو ممکن بنایا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بیک ڈور چینلز کے ذریعے نہ صرف پیغامات کی ترسیل کی بلکہ فریقین کو مذاکرات کی میز تک لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بحث میں صارفین کی بڑی تعداد نے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ کئی صارفین نے پاکستان کو’’امن کا عالمی سفیر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کردار خطے میں استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات صرف ایک جنگ بندی تک محدود نہیں بلکہ یہ مستقبل میں وسیع تر علاقائی استحکام، اقتصادی تعاون اور سفارتی تعلقات کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جس متوازن حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، وہ اسے عالمی سیاست میں ایک مؤثر ثالث کے طور پر سامنے لا رہی ہے۔
مزید برآں، اس پیش رفت کے بعد پاکستان کا عالمی امیج نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا مثبت اثر نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ سرمایہ کاری، تجارت اور بین الاقوامی تعاون پر بھی پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید سفارتی پیش رفت متوقع ہے جو اس عمل کو مزید مستحکم بنا سکتی ہے