ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگرامریکہ خود کو آقا سمجھنا چھوڑ دے تو دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہی کسی بھی پیش رفت کا امکان پیدا ہوتا ہے۔
ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ ایرانی قوم کے بنیادی حقوق کا احترام نہایت ضروری ہے، اور یہی وہ شرط ہے جس کے بغیر مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ باوقار اور مساوی بنیادوں پر بات چیت کا خواہاں رہا ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ دوسرا فریق بھی سنجیدگی اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے۔
ایرانی صدر نے اپنی گفتگو میں مذاکراتی عمل سے وابستہ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں قومی مفادات کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر محمد باقر قالیباف کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔