واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا فیچر، اسٹیٹس دیکھنے کا طریقہ مکمل بدل جائے گا
میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اسٹیٹس فیچر میں بڑی بہتری پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو مزید آسان اور جدید تجربہ فراہم کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اسٹیٹس کو اب چیٹ ٹیب کا حصہ بنایا جا رہا ہے، یعنی صارفین کو اسٹیٹس دیکھنے کے لیے الگ سیکشن میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ٹیک ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹاانفو کے مطابق اس نئے فیچر کے بعد آپ ان افراد کے اسٹیٹس بھی دیکھ سکیں گے جو آپ کے کانٹیکٹ میں شامل نہیں، مگر آپ ان سے پہلے کبھی چیٹ کر چکے ہوں۔یہ اپڈیٹ واٹس ایپ کوفیس بک اور انسٹاگرام کی طرز پر مزید انٹرایکٹو بنانے کی کوشش ہے، جہاں اسٹوریز نمایاں جگہ پر دکھائی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں آزمایا جا رہا ہے، اور صارفین چیٹ لسٹ کو نیچے اسکرول کر کے اسٹیٹس تک رسائی حاصل کر سکیں گے، کچھ اسی انداز میں جیسے ٹیلی گرام میں اسٹوریز دیکھی جاتی ہیں۔مزید یہ کہ سب سے پہلے ان افراد کے اسٹیٹس نظر آئیں گے جن سے آپ کا زیادہ رابطہ ہوتا ہے، جبکہ دیگر افراد کے اسٹیٹس بھی دیکھنا ممکن ہوگا۔فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور ابھی یہ واضح نہیں کہ کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔