گیس کی شدید قلت کے باعث شہریوں کو روزمرہ امور خصوصاً کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، صورتحال مزید خراب ہونے پر سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس کی فراہمی کا نیا اور محدود شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق اب لاہور میں صارفین کو پورے دن میں صرف مخصوص اوقات میں ہی گیس دستیاب ہوگی۔
نئے شیڈول کے تحت اب24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر صرف چھ گھنٹوں کے لیے گیس فراہم کی جائے گی،یہ فراہمی زیادہ تر صبح اور شام کے اوقات میں ہوگی تاکہ شہری ناشتے اور رات کے کھانے کے وقت کسی حد تک سہولت حاصل کر سکیں، دوپہر کے وقت گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند رہے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق گیس کی شدید کمی اور طلب میں غیر معمولی اضافہ اس فیصلے کی بنیادی وجہ ہے، اس سے پہلے دن کے مختلف حصوں میں گیس دینے کی کوشش کی جاتی تھی، لیکن سپلائی میں مسلسل کمی اور دباؤ بڑھنے کے باعث یہ طریقہ کار مؤثر ثابت نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق قدرتی گیس کی درآمد میں مشکلات اور مائع قدرتی گیس کی بروقت دستیابی میں رکاوٹیں بھی اس بحران کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں اسی وجہ سے ملک میں مجموعی گیس سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر شہری علاقوں پر پڑ رہا ہے۔
لاہور سینٹر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے کم پریشر اور بعض اوقات مکمل طور پر گیس نہ ملنے کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، گھروں میں کھانا پکانے کے اوقات میں شدید پریشانی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ کئی افراد کو متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔