ہری پور، انڈسٹریل اسٹیٹ حطار میں گیس پائپ لائن دھماکہ، عورتوں اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

ہری پور، انڈسٹریل اسٹیٹ حطار میں گیس پائپ لائن دھماکہ، عورتوں اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

حطار: انڈسٹریل اسٹیٹ حطار میں گیس کی مین پائپ لائن میں زور دار دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ اس قدر شدید ہے کہ اس پر قابو پانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ آگ نے فیکٹری کے اندر موجود مزدوروں کے موٹر سائیکلوں، قریبی آبادی کے گھروں اور مال مویشیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔

واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے قریبی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق گیس کا اخراج اتنا شدید تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے بلند ہونا شروع کر دیا جس سے صنعتی زون میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا اور قریبی صنعتی یونٹس کو محفوظ بنانا ہے جبکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے ارد گرد کے علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے پاور پلانٹ میں دھماکہ، 9 مزدور ہلاک، 15 زخمی

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *