خیبر پختونخوا حکومت نے بی ایس کے طلبہ کے لیے وظائف کے ساتھ ایک اہم انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے احساس انٹرن شپ پروگرام پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں پروگرام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور اس کی افادیت پر غور کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس انٹرن شپ پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور مالی معاونت کے ذریعے انہیں خودمختار بنانا ہے۔ پروگرام کے تحت انٹرن شپ کا دورانیہ کم از کم دو ماہ جبکہ زیادہ سے زیادہ چھ ماہ مقرر کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ مہارتیں بھی حاصل کر سکیں۔
اس اسکیم کے تحت منتخب طلبہ کو 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، جو ان کے تعلیمی اور ذاتی اخراجات میں مددگار ثابت ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اہلیت کے معیار کے مطابق وہ طلبہ اس پروگرام کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کا کم از کم جی پی اے 3 ہو۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ قابل اور محنتی طلبہ کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
یہ اقدام صوبے میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔