بجلی سبسڈی کے خواہشمند صارفین کیلئے بڑی خبر

بجلی سبسڈی کے خواہشمند صارفین کیلئے بڑی خبر

حکومت نے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت آئندہ سال سے 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے تمام صارفین کو یکساں رعایت دینے کا طریقہ کار ختم کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی کے شعبے میں سبسڈی کے نظام کو مزید مؤثر اور ہدفی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے آئندہ آٹھ ماہ کے دوران نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت جنوری 2027 سے ہدفی سبسڈی کا نظام نافذ کیا جائے گا جس میں صرف مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کو رعایت فراہم کی جائے گی۔ حکومت اس سلسلے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے استفادہ کرے گی تاکہ امداد اور سبسڈی حقیقی حق داروں تک پہنچ سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیو آر کوڈ کے ذریعے سبسڈی کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

ذرائع کے مطابق حکومت بجلی صارفین کے ریکارڈ کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری کے ڈیٹا کے ساتھ منسلک کرنے پر کام کر رہی ہے۔ اس منصوبے میں عالمی بینک کی معاونت بھی حاصل ہوگی جبکہ سبسڈی کی تقسیم کے لیے جدید اور شفاف نظام متعارف کرانے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام میں بعض صارفین ایک سے زیادہ بجلی کے میٹر استعمال کرکے ہر میٹر کی کھپت 200 یونٹس سے کم رکھتے ہیں، جس کے باعث وہ اضافی سبسڈی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ نئے نظام کے تحت ایسی بے ضابطگیوں کی روک تھام کی جائے گی اور رعایت صرف ان افراد تک محدود رکھی جائے گی جو واقعی اس کے مستحق ہوں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :بجلی پر سبسڈی محدود کردی گئی

ماہرین کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد بجلی کے شعبے میں مالی بوجھ کم کرنا، سبسڈی کے غلط استعمال کو روکنا اور سرکاری وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہے۔ تاہم حتمی پالیسی اور اس کے نفاذ کی تفصیلات حکومت کی جانب سے بعد میں جاری کی جائیں گی۔

editor

Related Articles