پشاور میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ریگی نادرن بائی پاس کے قریب ایک اہم کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر اپنی سوات ٹیم کے ساتھ علاقے میں گھات لگا کر کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد عباس اور عثمان کو ہلاک کیا گیا، جن میں عباس پر کانسٹیبل ثناء اللہ کی شہادت میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق، عباس کے قبضے سے شہید کانسٹیبل ثناء اللہ کا موبائل فون بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد عباس 11 دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت اور درجنوں اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعات شامل تھے۔
واقعے کے دوران دہشت گردوں کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے۔