سکولوں میں جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کا مطالبہ

سکولوں  میں جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کا مطالبہ

پنجاب بھر کے نجی اسکولوں کے اسٹیک ہولڈرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی کو ختم کر دیا جائے، کیونکہ ان کے مطابق آن لائن کلاسز سے مطلوبہ تعلیمی نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں کا ایک اہم اجلاس قاضی نعیم انجم کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تعلیمی کارکردگی اور انتظامی مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں سید فیصل گیلانی، سلیم اعوان، حسن منہاس اور دیگر ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔

قاضی نعیم انجم نے اجلاس کے دوران کہا کہ آن لائن کلاسز سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے، اور بہتر تعلیمی معیار کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی کیلنڈر میں کم از کم 210 دن کلاس روم میں باقاعدہ تدریس ہو۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ جمعہ کی چھٹی کو ختم کرکے تعلیمی سیشن کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع مل سکیں۔

اجلاس میں درسی کتب کی چھپائی میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جس کے باعث طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اگلے سال کتابیں بروقت شائع کی جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 ، زلمی کی چھٹی فتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات بڑھ گئیں

نجی اسکولوں کے مالکان نے لاہور بورڈ سے بھی مطالبہ کیا کہ نجی اسکولوں کے الحاق میں توسیع کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ اسکولوں کو انتظامی طور پر بہتر طریقے سے کام کرنے کی سہولت حاصل ہو۔

ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کی کثرت اور انتظامی تاخیر کی وجہ سے نصاب مکمل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس کا براہِ راست اثر طلبہ کے رزلٹ پر پڑ رہا ہے۔ اس لیے تعلیمی سیشن کو موثر بنانے کے لیے ہفتہ وار تعطیلات میں کمی لانا ضروری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *