وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا علما سے جرائم کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا علما سے جرائم کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں قومی پیغام امن کمیٹی کا کردار قابلِ تعریف ہے اور پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا جانا اعزاز کی بات ہے۔

انہوں  نے لاہور میں پیغام امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ کاہنہ میں 14 معصوم بچے جان سے گئے، والدین کو اپنے بچوں کو باہر پھیجنے سے پہلے تسلی کر لینی چاہیے کہ ان کے بچے محفوظ ہیں، جب کوئی گٹر میں گر کر مرتا ہے، تو یہ میری ذمے داری ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے تو مجھے رات کو نیند نہیں آتی، انتظامیہ رات کو گٹر کا ڈھکن لگاتی ہے اور کوئی اس کو چوری کر لیتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ سرگودھا میں بچی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بہت دلخراش تھا، ایک بچی گھر سے 10 روپے لے کر چیز لینے گئی اور اس کی تذلیل کی گئی، معصوم بچی کا گلا کاٹ دیا گیا کہ اس کی پہچان نہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالانز کا نیا نظام متعارف

مریم نواز نے کہا کہ سماجی مسائل کا تدارک ہم سب کی اجتماعی ذمے داری ہے، پنجاب میں تمام ادارے محنت اور دلجمعی سے کام کر رہے ہیں، قیامِ امن کے لیے صوبائی کابینہ، آئی جی پنجاب اور انتظامیہ بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم اور پاک فوج کے سربراہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے، پاکستان کو پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور اس کا کریڈٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ محراب و منبر سے اصلاحِ معاشرہ، اخلاقی تربیت اور جرائم کے خلاف شعور اجاگر کریں،  ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی اصلاح کے لیے علما کا کردار ناگزیر ہے اور آنے والی نسلوں کی بہتر تربیت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔

editor

Related Articles