معروف اداکارہ ماہرہ خان نے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس میں شرکت کر کے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی سیاسی، تعلیمی، کاروباری اور شوبز شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد پاکستان کو درپیش چیلنجز، ترقی کے امکانات اور مستقبل کے مواقع پر مکالمہ اور تبادلہ خیال تھا۔
کانفرنس کے دوران ماہرہ خان نے پاکستان کی ثقافت، فنون اور عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
اداکارہ نے اس موقع کی تصاویر اور اپنے خیالات انسٹاگرام پر بھی شیئر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارورڈ میں خطاب کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا جو ہمیشہ ان کی یادوں میں محفوظ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جو انسان دیکھتا ہے اور کچھ ایسے ہوتے ہیں جو حقیقت بن کر سامنے آتے ہیں۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ وہ اپنی کہانی کے ایک اہم حصے کو دنیا کے ساتھ شیئر کرنے پر شکر گزار ہیں اور یہ سفر ان کے مداحوں اور چاہنے والوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔اس کانفرنس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، گلوکارہ مومنہ مستحسن اور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
ماہرہ خان کی شرکت کو پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستانی فنکاروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔