حرمین شریفین کے نگران ادارے کی جانب سے روایت کے مطابق حج سیزن کے آغاز پر غلاف کعبہ (کسوہ) کو اونچا کر دیا گیا ہے۔
حرمین شریفین کے نگران ادارے نے حج کے بابرکت ایام قریب آتے ہی روایت کے مطابق غلافِ کعبہ (کسوہ) کو بلند کرنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق خانہ کعبہ کے غلاف کو نچلے حصے سے تقریباً تین میٹر تک اوپر اٹھایا گیا ہے اور اس کے نیچے چاروں طرف سفید رنگ کا سوتی کپڑا (احرام) لپیٹ دیا گیا ہے۔
اس سالانہ اقدام کا بنیادی مقصد حج کے دوران لاکھوں عازمین کی آمد کے پیشِ نظر غلاف کو کسی بھی قسم کے نقصان، رگڑ یا مٹی سے محفوظ رکھنا ہے، کیونکہ طواف کے دوران زائرین کی بڑی تعداد غلاف کو چھونے کی کوشش کرتی ہے۔
اسی طرح بعض لوگ تبرک کے طور پر غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کے لیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں، اس لیے غلاف کو ان مواقعوں پر بلند کردیا جاتا ہے۔
ہر سال ذوالحجہ کی نویں تاریخ کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام عمل انتہائی منظم انداز میں فنی ماہرین کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، جس میں خصوصی عملے نے جدید آلات کا استعمال کیا۔ اس موقع پر حرم مکی میں حفاظتی اور انتظامی انتظامات بھی انتہائی سخت رکھے گئے تھے تاکہ اس عمل کو بغیر کسی رکاوٹ کے پائے تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
واضح رہے کہ غلاف کو بلند کرنے کی یہ روایت ہر سال حج سے قبل اپنائی جاتی ہے، اور حج کے مناسک کی ادائیگی کے بعد غلاف کو دوبارہ اپنی اصل حالت میں بحال کردیا جاتا ہے۔
دوسری جانب حج سیزن 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل بروز سنیچر کو مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔
خیال رہے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج جو براہ راست مدینہ منورہ پہنچتے ہیں وہ آٹھ دن شہر نبی میں قیام کرنے کے بعد مکہ مکرمہ آتے ہیں۔
براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جدہ کے حج ٹرمنل سے اپنے وطن واپس جاتے ہیں جبکہ حج کے بعد مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی واپسی جدہ سے نہیں بلکہ مدینہ منورہ سے ہوتی ہے۔