اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرکاری اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں مجموعی طور پر 10.40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جاری رپورٹ کے مطابق اس اضافے کے بعد سرکاری ذخائر میں 1.80 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 15 ارب 9 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے،اعداد و شمار کے مطابق ان ذخائر میں 8.60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی سطح 5.53 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 10.40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، جو مالیاتی صورتحال میں بہتری کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، کیونکہ اس سے درآمدات اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کچھ حد تک کمی آتی ہے۔