محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پنجاب بھر میں آئندہ دنوں کے دوران موسم زیادہ تر خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے جس کے باعث شہری علاقوں میں گرمی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جو وقتی طور پر گرمی کی شدت میں کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا جہاں میدانی علاقوں میں گرمی جبکہ بالائی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے ، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔