وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا۔ اس دوران سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی مختلف اوقات میں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہیوی ٹریفک کے ساتھ اسلام آباد کا رخ نہ کریں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا ہے جن کے تحت جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی مارگلہ روڈ کے ذریعے 9th ایونیو استعمال کریں، جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی جانب موڑا جائے گا۔
زیرو پوائنٹ سے کورال چوک کی بندش کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ اور مری روڈ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ چاندنی چوک سے راول روڈ کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔ بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والوں کو کورنگ روڈ بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والوں کے لیے کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس سمیت تمام پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔
جی ٹی روڈ پر پشاور اور لاہور کے درمیان چلنے والی ہیوی ٹریفک کو متبادل راستے جیسے ٹیکسلا، چکری انٹرچینج اور موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ایف ایم 92.4 سے مسلسل رابطے میں رہیں۔