انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں ون ڈے کرکٹ کے شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
بلے بازوں، گیند بازوں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں مختلف کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں رد و بدل ہوا ہے، جب کہ کچھ کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کے باعث نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔
ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جب کہ بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
افغانستان کے ابراہیم زادران تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جن کی کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے، پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم چھٹے نمبر پر ہیں، جب کہ سلمان آغا دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
بنگلا دیش کے کھلاڑیوں نے بھی اس فہرست میں نمایاں پیش رفت دکھائی ہے، توحید ہردوئے پانچ درجے ترقی کے بعد ستائیسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ تنزید حسن چودہ درجے بہتری کے ساتھ چالیسویں نمبر پر آ گئے ہیں، جو ان کی حالیہ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
ون ڈے گیند بازوں کی درجہ بندی میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر موجود ہیں، جنہوں نے اپنی عمدہ بولنگ کے باعث یہ مقام برقرار رکھا ہے۔
انگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور پاکستان کے ابرار احمد ایک ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب دسویں اور گیارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں،بنگلا دیش کے ارشاد حسین بھی دس درجے بہتری کے بعد ساٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ راشد خان دو درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔