انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی ہے،نئی رینکنگ میں جہاں عالمی سطح پر چند بڑے ناموں نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے، وہیں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں بھی نمایاں بہتری اور کچھ حد تک تنزلی دیکھنے میں آئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے ایک درجہ ترقی حاصل کی اور پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں،ان کی حالیہ مستقل کارکردگی نے انہیں دنیا کے صفِ اول کے بیٹرز میں شامل کر دیا ہے، اسی فارمیٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی غیر معمولی بہتری دکھائی اور 13 درجے چھلانگ لگا کر 41ویں پوزیشن حاصل کر لی، جو ان کے اعتماد اور فارم میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بالرز کی رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے،سلمان مرزا نے 16 درجے ترقی کرتے ہوئے 19ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے تاہم ابرار احمد کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، اس کے باوجود وہ بدستور دنیا کے بہترین اسپن بالرز میں شمار ہوتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں صائم ایوب ایک درجہ نیچے آ کر دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جب کہ محمد نواز نے اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی جو ان کی مستقل آل راؤنڈ کارکردگی کا ثبوت ہے،ون ڈے کرکٹ کی بات کی جائے تو بالرز میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد نے نویں پوزیشن پر اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
بیٹنگ میں بابر اعظم ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر قائم ہیں، تاہم سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ایک بار پھر پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ٹیسٹ فارمیٹ میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور بیٹرز کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں جو ان کی طویل فارمیٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے،مجموعی طور پر آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں کچھ پاکستانی کھلاڑی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں تو کچھ کو مزید محنت اور تسلسل کی ضرورت ہے۔