گلگت بلتستان میں انتخابات آج ہوں گے ،24حلقوں میں 403 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے

گلگت بلتستان میں انتخابات آج ہوں گے ،24حلقوں میں 403 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے

گلگت بلتستان میں اسمبلی انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں، جہاں 24 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 403 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں، انتخابی سرگرمیوں کے عروج کے بعد ووٹرز آج اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے آئندہ پانچ برس کے لیے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8بجے شروع ہو گا اور شام5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، انتخابی عمل کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 830 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، حساس پولنگ مقامات پر اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 780 ہے، ان میں 5 لاکھ 3 ہزار 772 مرد ووٹرز شامل ہیں، جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 55 ہزار سے زائد ہے، خواتین کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان الیکشن کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں دو روزہ تعطیل کا اعلان

انتخابی میدان میں موجود امیدواروں میں بڑی تعداد آزاد امیدواروں کی ہے، مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں 266 آزاد امیدوار شامل ہیں، جبکہ 7 خواتین امیدوار بھی مختلف حلقوں سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔

ووٹرز کی سہولت کے لیے 2447 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 17 ہزار 500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں،جبکہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی مجموعی طور پر 33 نشستوں پر مشتمل ہے، جن میں 24 جنرل نشستیں، 6 خواتین کی مخصوص نشستیں اور 3 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں شامل ہیں۔

حکومت سازی کیلئے کتنی نشستیں درکار ہونگی؟

انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت یا اتحاد کو کم از کم 17 نشستوں کی حمایت درکار ہوگی تاکہ سادہ اکثریت حاصل کرکے حکومت قائم کی جا سکے۔

انتخابی حکام کا کہنا ہے کہ شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں آج کے انتخابی نتائج گلگت بلتستان کی آئندہ سیاسی سمت اور حکومت سازی کے عمل کا تعین کریں گے، جس پر پورے خطے کی نظریں مرکوز ہیں۔

editor

Related Articles