اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما سیمابیہ طاہر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں انہیں گرفتاری سے روک دیا ہے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے سیمابیہ طاہر کی درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران سیمابیہ طاہر اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے اور خدشہ ہے کہ ان کی موکلہ کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آئندہ سماعت تک سیمابیہ طاہر کی عبوری ضمانت منظور کر لی اور ایف آئی اے کو جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔