ڈرائیونگ لائسنس فیس کی ادائیگی کے لیے کیش لیس سسٹم متعارف

ڈرائیونگ لائسنس فیس کی ادائیگی کے لیے کیش لیس سسٹم  متعارف

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس فیس کی ادائیگی کا جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت شہری اب بینکوں کے چکر لگائے بغیر اپنے موبائل فونز کے ذریعے فیس ادا کر سکیں گے۔

اس نئے نظام کا افتتاح ڈی آئی جی آپریشنز اصغر علی نے کیا۔ اس اقدام کا مقصد عوامی خدمات کو آسان بنانا، شفافیت لانا اور درخواست گزاروں کو طویل انتظار اور بینکوں کی قطاروں سے بچانا ہے۔

اب شہری ایزی پیسہ، جیز کیش، اور مختلف بینکنگ ایپس کے ذریعے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے اسلام آباد ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں QR کوڈ مشینیں نصب کی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بعد شیخوپورہ اور کوئٹہ میں بھی مشینوں کی تنصیب کا کام جاری ہے، اور جلد ہی یہ سروس پورے ملک میں دستیاب ہو گی۔

موٹر وے پولیس کے حکام نے کہا ہے کہ اس سسٹم کے ذریعے نہ صرف پروسیسنگ کا وقت کم ہوگا بلکہ بینک جانے کی ضرورت بھی ختم ہو جائے گی۔ ادائیگی کی فوری (Real-time) تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے لائسنس کے حصول کے عمل میں مجموعی کارکردگی اور شفافیت میں بہتری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے بڑی خبر،نادرا دفاتر بدھ کو بند رہیں گئے

 

Related Articles