پاکستان کرکٹ بورڈ کا اہم فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے بعد قومی کرکٹرز کے اگست کے دوران بیرونِ ملک ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کیمطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسی مہینے چار ٹیموں پر مشتمل ایک ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر کام جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 7 اگست سے 20 ستمبر تک شیڈول ہے، تاہم متعدد قومی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی درکار ہوگا ، اسی دوران کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگست میں ون ڈے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے اس میں شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے معاذ صداقت کو پہلے ہی این او سی جاری کیا تھا، لیکن نئے فیصلے کے بعد ان کی لیگ میں شرکت بھی غیر یقینی ہو گئی ہے۔
مزید یہ کہ سی پی ایل کے لیے صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سفیان مقیم، سعد مسعود، عثمان خان اور سلمان ارشاد سمیت کئی کھلاڑیوں کو این او سی نہ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ نے آئندہ سیزن اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ ون ڈے میچز کرانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ممکنہ طور پر بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا سکے اور ون ڈے اسکواڈ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔