وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور دیگر برادر ممالک کی درخواست کا مثبت جواب دیا ہے جو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے آبنائے ہرمز میں جاری صورتحال کے تناظر میں پروجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بروقت اقدام امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے امریکی صدر کی جراتمند قیادت کو سراہتے ہوئے اس فیصلے پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔
شہباز شریف نے سعودی عرب اور بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کو فروغ دے گا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پُرعزم ہے اور ہمیشہ مذاکرات اور سفارتی ذرائع کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ پیش رفت ایک دیرپا امن معاہدے کی راہ ہموار کرے گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ اتفاق رائے کے بعد آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے کیلئے شروع کیے گئے منصوبے کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا تاکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔ یہ پیش رفت خطے اور دنیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے ایک مثبت قدم ثابت ہو سکتی ہے۔