ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جولائی سے دسمبر 2026کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ مسلسل پہلی پوزیشن پر برقرار ہے جس کے حامل شہری192 ممالک میں ویزہ فری داخلے یا آسان سفری سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر شامل ہیں ان ممالک کے شہری 188 ممالک میں بغیر ویزہ سفر کر سکتے ہیں، جو ان کے عالمی سفری اثر و رسوخ اور سفارتی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔
تیسرے نمبر پر یورپی ملک سویڈن موجود ہے جس کے شہری187 ممالک میں ویزہ فری رسائی رکھتے ہیں اس کے بعد چوتھے نمبر پر یورپ کے کئی طاقتور ممالک شامل ہیں جن میں بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لگزمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین شامل ہیں ان ممالک کے پاسپورٹس کے ذریع186ممالک تک بغیر ویزہ رسائی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نیا نظام نافذ کردیا گیا
پانچویں نمبر پر یونان، پرتگال، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ اور مالٹا کے پاسپورٹس شامل ہیں جن کے شہری185 ممالک میں ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے اور یہ اس وقت دسویں نمبر پر موجود ہے، حالانکہ ایک وقت تھا جب اسے دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ سمجھا جاتا تھا۔

