‘قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘، اسحاق ڈار کا ’معرکہ حق‘ کی سالگرہ کے موقع پر بھارت کے لیے دو ٹوک پیغام

‘قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘، اسحاق ڈار کا ’معرکہ حق‘ کی سالگرہ کے موقع پر بھارت کے لیے دو ٹوک پیغام

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ’معرکہ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں قوم اور مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اسلام آباد میں ’معرکہ حق‘ کی مناسبت سے جاری ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ محض ایک تاریخ نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی جرات، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی وہ داستان ہے جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

دفاعی کامیابی اور عسکری اہداف کی نشان دہی

اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں گزشتہ سال کی بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے دشمن کو متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا۔

یہ بھی پڑھیں:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ترکیہ،سعودی عرب اور مصر کے سینئر سفارتکاروں کی ملاقات

محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو وہ جواب دیا گیا جس نے عالمی سطح پر پاکستان کی خودمختاری کا لوہا منوا لیا۔ دنیا کو یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی سر زمین اور اپنی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

سفارتی محاذ اور مسئلہ کشمیر

وزیر خارجہ نے بتایا کہ عسکری کامیابی کے ساتھ ساتھ فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تب تک ممکن نہیں جب تک کشمیر سمیت بنیادی تنازعات حل نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

معرکہ حق اور بھارتی جارحیت

گزشتہ سال بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے ’معرکہ حق‘ کے نام سے اپنی دفاعی کارروائی کا آغاز کیا۔

پاکستان نے ابتدائی طور پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن جب قومی سلامتی خطرے میں پڑی تو مسلح افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے طیارے مار گرائے اور واضح پیغام دیا کہ سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ آج اس واقعے کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں اسے ‘یومِ عزم’ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

یکجہتی کی طاقت اور مستحکم پاکستان

واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے ’قومی یکجہتی‘ کو ایٹمی طاقت سے بھی بڑی طاقت قرار دیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ جب عوام اور فوج ایک پیج پر ہوں تو کوئی بھی بیرونی خطرہ ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

پاکستان کا جواب ’متوازن‘ قرار دینا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان خطے میں جنگ نہیں چاہتا بلکہ صرف اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ یہ ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کا بیانیہ ہے۔

بیان میں صرف عسکری نہیں بلکہ معاشی اور تعلیمی استحکام کی بات بھی کی گئی ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت دفاعی مضبوطی کو معاشی خودکفالت سے جوڑنا چاہتی ہے۔

Related Articles