بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مختلف دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کر رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدگی کسی بھی وقت ایک نئے تنازع کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
فرانسیسی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ بھارت بھی اس چیلنج سے متاثر ہو رہا ہے ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ اور تصادم کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ بات چیت ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان تنازع دوبارہ شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
بلاول بھٹو نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کرے تاکہ کسی بڑے بحران سے بچا جا سکے۔