وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور جنگ بندی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ بندی مستقل امن کی راہ ہموار کرے گی۔
گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی رابطے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کی قیادت سے دن رات رابطے رکھے گئے تاکہ جنگ بندی نہ صرف ممکن ہو بلکہ اس میں توسیع بھی ہو سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر خطے میں کشیدگی بڑھتی تو اس کے اثرات صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہ رہتے بلکہ عالمی معیشت اور امن بھی متاثر ہوتا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تحمل اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں گے تاکہ صورتحال دوبارہ خراب نہ ہو۔
وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں گلگت بلتستان کی ترقی کو قومی ترقی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جب تک گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے اس وقت تک پاکستان مکمل ترقی حاصل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بطور وزیر اعظم اس خطے کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر مسلسل توجہ دیتے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں چار دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ مفت شمسی توانائی کے منصوبے، محفوظ شہر گلگت اور محفوظ شہر اسکردو منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو جدید تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم نوجوان پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔