وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت مفت ٹیسٹ اور علاج کا پائلٹ منصوبہ شروع

وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت مفت ٹیسٹ اور علاج کا پائلٹ منصوبہ شروع

وفاقی حکومت نے ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے اور بروقت تشخیص و علاج کے لیے وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت مفت ٹیسٹ اور علاج کا پائلٹ منصوبہ تشکیل دے دیا ہے، اسلام آباد میں عام شہریوں کے لیے ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا آغاز کل سے کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی ریپڈ ریسپانس ٹیسٹ کٹس کے ذریعے تشخیص کی جائے گی،ابتدائی مرحلے میں 12 صحت سہولت مراکز میں ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جن میں پمز ہسپتال، پولی کلینک، این آر ایم اور فیڈرل جنرل ہسپتال شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اگر ابتدائی ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سے 7 ہزار روپے مالیت کا پی سی آر ٹیسٹ بھی مفت فراہم کیا جائے گا،مزید یہ کہ اگر پی سی آر ٹیسٹ بھی مثبت آتا ہے تو ہر مریض کو 6 ماہ تک 60 ہزار روپے مالیت کی مفت ادویات دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کا معاہدہ

پروگرام کے تحت پائلٹ مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر دوسرا مرحلہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کیا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں ملک بھر میں اسکریننگ کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

وفاقی سطح پر اس منصوبے پر مجموعی طور پر 34 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، حکام کے مطابق پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ افراد ہیپاٹائٹس وائرس سے متاثر ہیں، جس کے پیش نظر یہ پروگرام قومی صحت کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles