پنجاب حکومت نے خواتین کو ڈیجیٹل شعبے میں بااختیار بنانے اور آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے 70 کروڑ روپے مالیت کا ای لرن شی ارن پروگرام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب خواتین کو لیپ ٹاپ، ماہانہ وظیفہ اور مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں سکھا کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن کام اور ڈیجیٹل کاروبار کے مواقع حاصل کر سکیں۔
منصوبے کے تحت منتخب امیدواروں کو تین ماہ کی مفت آن لائن تربیت دی جائے گی، تربیتی کورسز میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، آن لائن مصنوعات کی فروخت، برانڈ مینجمنٹ اور گرافک ڈیزائننگ شامل ہیں، جہاں خواتین کو تخلیقی اوزاروں کے استعمال اور بصری مواد تیار کرنے کی مہارت سکھائی جائے گی۔
اس کے علاوہ پروگرام میں ورچوئل اسسٹنٹ کی تربیت بھی شامل ہے، جس کے ذریعے خواتین بین الاقوامی سطح پر مختلف اداروں اور کلائنٹس کو انتظامی معاونت فراہم کرنے کے قابل بن سکیں گی، آن لائن کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ کی پیشہ ورانہ تربیت بھی پروگرام کا حصہ ہے۔
پروگرام کے دوران خواتین کو مالی اور تکنیکی مشکلات سے بچانے کیلئے مفت لیپ ٹاپ، ماہانہ وظیفہ، انٹرنیٹ سہولت اور کورس مکمل ہونے پر پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹ فراہم کیے جائیں گے۔
اہلیت اور درخواست کا طریقہ
پروگرام کیلئے عمر کی حد 15 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے تاہم بعض کورسز کیلئے 40 سال تک رعایت دی گئی ہے، درخواست گزار خواتین کا پنجاب کی مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے جبکہ ان کے پاس قومی شناختی کارڈ یا ب فارم موجود ہونا چاہیے۔
تعلیمی قابلیت کم از کم میٹرک یا انٹرمیڈیٹ رکھی گئی ہے،دلچسپی رکھنے والی خواتین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پورٹل یا پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کر سکتی ہیں، امیدواروں کا انتخاب میرٹ اور قابلیت کے امتحان کی بنیاد پر کیا جائے گا۔