معرکہ حق ملکی تاریخ کا وہ اہم ترین موڑ ہے جس نے دنیا کے سامنے ایک مضبوط پاکستان پیش کیا ،طارق فضل چوہدری

معرکہ حق ملکی تاریخ کا وہ اہم ترین موڑ ہے جس نے دنیا کے سامنے ایک مضبوط پاکستان پیش کیا ،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد میں معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت کے کردار اور قومی اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ معرکۂ حق ملکی تاریخ کا ایک اہم ترین موڑ ہے جس نے دنیا کے سامنے ایک نیا، مضبوط اور باوقار پاکستان پیش کیا انہوں نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کو کمزور سمجھا مگر اسے ایسا مؤثر اور بھرپور جواب ملا جس نے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے خلاف چھ صفر کا اسکور آج بھی عالمی سطح پر زیرِ بحث ہے، انہوں نے کہا کہ دشمن کے جدید رافیل طیارے ناکامی سے دوچار ہوئے جبکہ ان کا ایئر ڈیفنس سسٹم اپنے ہی طیاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں :لندن، پیرس، ویانا میں معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات، افواج پاکستان کو خراجِ تحسین

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیے، وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھارت کو عالمی قوتوں کے ذریعے جنگ بندی کی درخواستیں کرنے پر مجبور ہونا پڑا اس موقع پر پوری قوم نے غیر معمولی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جس نے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مضبوط ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔

editor

Related Articles