ٹرمپ دورہ چین کے دوران کون سی اہم شخصیات کو ساتھ لیکر جا رہےہیں؟ نام سامنے آگئے

ٹرمپ دورہ چین کے دوران کون سی اہم شخصیات کو ساتھ لیکر جا رہےہیں؟ نام سامنے آگئے

ڈونلڈ ٹرمپ اس ہفتے ایک اہم سرکاری دورے پر چین جا رہے ہیں جسے امریکا اور چین کے تعلقات کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کی خاص بات یہ ہے کہ ٹرمپ اپنے ساتھ امریکی کاروباری اور ٹیکنالوجی شعبے کی 17 بڑی شخصیات کو بھی لے جا رہے ہیں جس سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ یہ دورہ صرف سفارتی نہیں بلکہ معاشی تجارتی اور ٹیکنالوجی مفادات کے حوالے سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق وفد میں ایلون مسک، ٹم کک، لیری فنک سمیت بوئنگ، جے پی مورگن، ویزا، میٹا اور کارگل جیسی بڑی امریکی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

ٹرمپ کے دورے کا بنیادی مقصد امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی معاشی اور ٹیکنالوجی کشیدگی کو کم کرنا، تجارتی تعلقات کو نئی سمت دینا اور امریکی کمپنیوں کیلئے چینی مارکیٹ میں مزید مواقع حاصل کرنا ہے۔ امریکا خاص طور پر مصنوعی ذہانت سیمی کنڈکٹرز، الیکٹرک گاڑیوں، سوشل میڈیا اور عالمی سپلائی چین جیسے شعبوں میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

دورے کے دوران ٹرمپ کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کو انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ اس ملاقات میں تجارتی ٹیرف، ٹیکنالوجی پابندیاں، تائیوان، آبنائے ہرمز کی صورتحال، عالمی سپلائی چین اور مشرق وسطیٰ کی کشیدگی جیسے اہم معاملات زیر بحث آسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران سے متعلق امریکا فیصلہ کن موڑ پر، آج بڑا اعلان متوقع

امریکی وفد میں شامل بڑی کاروباری شخصیات اس بات کا اشارہ بھی ہیں کہ واشنگٹن صرف سیاسی نہیں بلکہ معاشی سفارتکاری کے ذریعے بھی چین کے ساتھ تعلقات کو متوازن رکھنا چاہتا ہے۔ اگر اس دورے میں دونوں ممالک کسی محدود تجارتی فریم ورک یا سرمایہ کاری تعاون پر متفق ہو جاتے ہیں تو عالمی مارکیٹس میں مثبت ردعمل سامنے آسکتا ہے۔

 ٹرمپ اس دورے کے ذریعے ایک طرف امریکی معیشت اور کاروباری حلقوں کو اعتماد دینا چاہتے ہیں جبکہ دوسری جانب چین پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ امریکا عالمی ٹیکنالوجی اور معاشی قیادت کے معاملے میں پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔

اس دورے کی ممکنہ کامیابیوں میں تجارتی تناؤ میں کمی امریکی کمپنیوں کیلئے چینی منڈیوں تک بہتر رسائی، ٹیکنالوجی شعبے میں محدود تعاون، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور عالمی معاشی استحکام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم اگر مذاکرات کسی واضح پیش رفت کے بغیر ختم ہوئے تو دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور ٹیکنالوجی جنگ مزید شدت بھی اختیار کر سکتی ہے۔

editor

Related Articles