بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کیلئے حکام نے اہم سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سامان کی پیکنگ، ممنوعہ اشیاء اور بین الاقوامی قوانین سے لاعلمی ایئرپورٹس پر قانونی پیچیدگیوں اور سخت سزاؤں کا باعث بن سکتی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ آگاہی مہم میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ بیرونِ ملک روانگی سے قبل اپنے سامان، سفری دستاویزات اور متعلقہ ملک کے قوانین سے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ محفوظ اور باعزت سفر یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے کی پالیسیوں اور ہدایات کے تحت بعض ممالک جانے والے مسافروں کو خصوصی کلیئرنس اور سفری تقاضے پورے کرنا ضروری ہوتے ہیں، اس لیے مسافروں کو سفر سے پہلے تمام قانونی مراحل مکمل کرنے چاہئیں۔
بیورو نے ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل تمام بیگز اور سامان کی اچھی طرح تلاشی لی جائے اور کسی بھی مشکوک یا غیرقانونی شے کو ساتھ لے جانے سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ اعلامیے کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں ممنوعہ اشیاء رکھنے پر سخت قوانین نافذ ہیں، جن کے تحت بھاری جرمانے، قید اور بعض صورتوں میں طویل سزائیں بھی دی جا سکتی ہیں۔
حکام نے خصوصی طور پر منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ممالک میں اس جرم پر عمر قید حتیٰ کہ سزائے موت تک دی جا سکتی ہے، اس لیے شہری انتہائی احتیاط سے سفر کریں۔
آگاہی پیغام میں بیرونِ ملک جانے والے افراد کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی اجنبی شخص یا حتیٰ کہ جان پہچان والوں کے دیے گئے پارسل، بیگ یا دیگر سامان اپنے ساتھ لے جانے سے گریز کریں کیونکہ قانونی طور پر اس سامان کی مکمل ذمہ داری مسافر پر عائد ہوتی ہے۔
بیورو نے مزید کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء، ادویات یا دیگر سامان بیرونِ ملک لے جانے سے پہلے متعلقہ ملک کے قوانین اور پابندیوں کی تصدیق ضرور کر لی جائے کیونکہ بعض ممالک میں مخصوص ادویات یا اشیاء پر سخت پابندیاں عائد ہوتی ہیں۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سفری قوانین کا احترام کریں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کریں۔