پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات میں بطور ثالث اہم کردار ادا کیا ہے جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک شاندار ملک ہے جس کی قیادت، خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے لیے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح طور پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمل نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد دی ہے۔ اگرچہ انہوں نے اپنے ساتھی سینیٹر کا نام براہ راست نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ امریکہ کے سینیٹر لنڈسے گراہم کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے پاکستان کے ثالثی کردار پر سوال اٹھایا تھا۔
اس سے قبل قطری وزیراعظم نے بھی اس معاملے پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار پاکستان بہترین انداز میں ادا کر رہا ہے اور اس کے لیے کسی تیسرے ملک کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
اسی طرح ایرانی قیادت بھی متعدد مواقع پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہ چکی ہے، ایرانی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے بھی جاری رہے۔
پاکستان کی اس فعال سفارت کاری کے باعث اسے خطے میں ایک اہم اور مؤثر کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، موجودہ صورتحال میں پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے جو نہ صرف خطے میں امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے بلکہ بڑے عالمی تنازعات میں بھی مصالحتی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔