امریکی میرین کور کے سابق انٹیلی جنس آفیسر اور اقوام متحدہ کے ہتھیاروں کے سابق معائنہ کار اسکاٹ رٹر نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ایران اور امریکہ کے درمیان جاری علاقائی تنازعات کے حل میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام “فُل فریم” میں سینئر اینکر پرسن فہد حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اسکاٹ رٹر نے پاکستان کو واحد کھلاڑی قرار دیا جو اس بحران کو حتمی حل کی جانب لے جانے میں مدد دے سکتا ہے۔
اسکاٹ رٹر نے کہا کہ سب سے پہلے میں پاکستان کی قیادت کو اس کردار پر سراہنا چاہوں گا جو اس نے اس میں ادا کیا ہے۔ پاکستان کی قیادت کو اس کی ثالثی کی کوششوں کے لئے عالمی سطح پر پہچانا جانا چاہیے۔ اگر کبھی کسی کو نوبل امن انعام ملنا چاہیے تو وہ پاکستانی قیادت ہے جس نے اس اہم کردار کو ادا کیا ہے۔
رٹر جو کہ 1990 کی دہائی میں عراق میں اقوام متحدہ کے ہتھیاروں کے معائنہ کار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اکثر امریکی خارجہ پالیسی اور مشرق وسطیٰ کے امور پر تبصرہ کرتے ہیں، نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو اس تنازع کے بعد اقتصادی اور سیاسی طور پر تعاون فراہم کرے۔