وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دو روزہ غیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے جہاں تہران آمد پر اُن کا پرتپاک استقبال ایرانی وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ دورہ خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی و سفارتی صورتحال کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی کوششیں جاری ہیں۔

دورے کے دوران محسن نقوی اور ایرانی ہم منصب کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات، سرحدی تعاون، تجارت، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :ایران اسرائیل جنگ بندی میں وزیراعظم کا اہم کردار اور اسکے پیچھے بھی وردی ہے ، محسن نقوی

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، دہشتگردی کے خطرات اور امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں قیام امن کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور موجودہ حالات میں بھی پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے امریکا کے ساتھ جاری تنازع کے حل کے سلسلے میں پاکستانی قیادت اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو بھی سراہا، اُن کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کو مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اپنانا ہوگا۔

دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

editor

Related Articles