پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور موسمی صورتحال کا جائزہ لے کر نئے قمری مہینے کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا،اس اجلاس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے ، ان اجلاسوں میں چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق شہادتیں جمع کی جائیں گی، جن کی بنیاد پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اگر آج شام ذوالحجہ کا چاند نظر آ جاتا ہے تو ملک بھر میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی تاہم اگر چاند دکھائی نہ دیا تو ذوالقعدہ کے تیس دن مکمل کیے جائیں گے اور عیدالاضحیٰ جمعرات 28 مئی کو ہوگی۔
عیدالاضحیٰ اسلامی دنیا کے اہم ترین مذہبی تہواروں میں شمار ہوتی ہے، جس کے دوران مسلمان حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں جانور قربان کرتے ہیں اس موقع پر دنیا بھر میں خصوصی عبادات، اجتماعات اور فلاحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے، سعودی حکام نے کہا ہے کہ 30 ذی القعدہ کی شام جو بھی شخص چاند دیکھے، وہ قریبی عدالت یا متعلقہ ادارے میں اپنی گواہی ریکارڈ کروائے تاکہ نئے اسلامی مہینے کا اعلان کیا جا سکے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مختلف ممالک میں موسم اور جغرافیائی صورتحال کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات مختلف ہو سکتے ہیں، اسی لیے بعض اوقات پاکستان اور سعودی عرب میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔
ملک بھر میں عوام کی بڑی تعداد رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ عیدالاضحیٰ کی تاریخ کے تعین کے ساتھ ہی قربانی، سفر اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جاتی ہے۔