معاشی بحالی کا مشن تیز، ٹیکس اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ میں بڑی پیش رفت

معاشی بحالی کا مشن تیز، ٹیکس اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ میں بڑی پیش رفت

پاکستان میں معاشی استحکام، صنعتی ترقی اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کے راستے میں حائل بڑی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

کونسل کی مؤثر سہولت کاری اور پالیسی تعاون کے باعث ملک کے توانائی کے شعبے، ریفائنری اپگریڈیشن اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔

اس سلسلے میں سب سے بڑی پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ کونسل آئندہ مالیاتی بجٹ 2026-27 میں ملک کی آئل ریفائنریز کے لیے ایک بڑا اور دیرینہ ٹیکس مسئلہ حل کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

براؤن فیلڈ پالیسی اور ٹیکس رکاوٹوں کا خاتمہ

دستیاب معلومات کے مطابق، حکومت کی ’براؤن فیلڈ ریفائنری اپگریڈیشن پالیسی‘ کے نفاذ میں کچھ عرصے سے شدید ٹیکس رکاوٹیں حائل تھیں، جس کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات تیار کرنے والے مقامی کارخانے اپنی ٹیکنالوجی کو جدید بنانے سے قاصر تھے۔

یہ بھی پڑھیں:معاشی اصلاحات کا نیا مرحلہ، پاکستان کے لیے بہتری کی نئی راہیں کھلیں گی

ایس آئی ایف سی نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر ان تمام فنی اور ٹیکس رکاوٹوں کو دور کرنے کا فارمولا تیار کر لیا ہے۔

ان ٹیکس اڑچنوں کے خاتمے کے بعد ملک میں ریفائنریوں کی اپگریڈیشن کا عمل انتہائی تیز ہو جائے گا، جس سے پٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار بین الاقوامی معیار (یورو 5) کے مطابق کی جا سکے گی۔

توانائی کی قیمتیں اور غیر مستقل ٹیکس پالیسیاں

اگر پاکستان کے صنعتی شعبے کا پس منظر دیکھا جائے، تو پچھلے کچھ سالوں سے ملکی کاروباری برادری کو توانائی کی بلند قیمتوں (بجلی اور گیس کے مہنگے ٹیرف) اور غیر مستقل و غیر یقینی ٹیکس پالیسیوں جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ ان سخت حالات اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستانی کاروباری برادری کی کارکردگی اور بقا کی صلاحیت مثالی رہی ہے۔

صنعتی شعبے کے اسی عزم کو سہارا دینے اور ان کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایس آئی ایف سی کو ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر سامنے لایا گیا، تاکہ بیوروکریسی کی سرخ فیتہ شاہی کا خاتمہ کر کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے صنعتوں کو تحفظ دیا جا سکے۔

غیر ملکی اعتماد اور توانائی میں خود کفالت

ایس آئی ایف سی کے حالیہ اقدامات کے ملکی معیشت پر انتہائی دور رس اور مثبت اسٹرٹیجک اثرات مرتب ہوں گے۔ واضح رہے کہ جب حکومت ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے مقامی صنعتوں کے مسائل حل کرے گی، تو مقامی سرمایہ کاری میں توسیع ہوگی۔

مقامی تاجروں کو خوشحال دیکھ کر ہی غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوگا اور وہ یہاں اربوں ڈالر لانے پر آمادہ ہوں گے۔

پالیسی کی بہتری اور صنعتی اپگریڈیشن کے نتیجے میں پاکستان میں فرنس آئل کے بجائے ہائی گریڈ پیٹرولیم مصنوعات مقامی طور پر تیار ہوں گی۔ اس کے نتیجے میں ملک کا درآمدی ایندھن (تیل کی امپورٹ) پر انحصار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

پیٹرولیم درآمدات میں کمی سے پاکستان کا قیمتی زرمبادلہ بچے گا، جس سے ادائیگیوں کا توازن درست ہوگا، ملک توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی طرف بڑھے گا اور بالآخر میکرو اکنامک سطح پر معیشت پائیدار اور مستحکم ہوگی۔

مجموعی طور پر، کونسل کی ان مخلصانہ کاؤشوں سے ملک کے اندر سرمایہ کاری کے فروغ، جدید صنعتی ترقی اور کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے تمام اداروں کے مابین باہمی تعاون کی ایک مضبوط اور نئی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

Related Articles