تیونس اور ترکیہ میں اسلامی مہینے ذوالحجہ کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق دونوں ممالک نے پیر18مئی کو یکم ذوالحجہ اور بدھ 27 مئی کو عیدالاضحیٰ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس اعلان کے بعد ان دونوں ممالک میں مذہبی تقویم کے مطابق نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہو گیا ہے اور عید کی تیاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تیونس ذوالحجہ کے آغاز کا اعلان کرنے والا پہلا ملک قرار پایا ہے، جہاں ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ تصور کی گئی اور چاند کی رویت کی تصدیق کے بعد نئے مہینے کا آغاز کیا گیا،چاند نظر آنے کی شرعی اور سرکاری شہادتوں کے بعد باقاعدہ طور پر یکم ذوالحجہ کا اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب ترکیہ نے بھی اپنے فلکیاتی کیلنڈر کے مطابق پیر18مئی کو یکم ذوالحجہ مقرر کیا ہے، ترکیہ میں روایتی رویتِ ہلال کے بجائے جدید فلکیاتی حسابات پر مبنی اسلامی کیلنڈر پر عمل کیا جاتا ہے، جس کے تحت پہلے ہی سے مہینوں اور عیدین کی تاریخوں کا تعین کر لیا جاتا ہے، اسی نظام کے تحت اس سال بھی ذوالحجہ اور عیدالاضحیٰ کی تاریخیں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق رکھی گئی ہیں۔
دوسری طرف سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور عمان سمیت دیگر متعدد اسلامی ممالک میں آج ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی تیاریاں جاری ہیں،ان ممالک میں سرکاری رویتِ ہلال کمیٹیاں شام کے وقت چاند دیکھنے کا اہتمام کریں گی اور اس کے بعد اسلامی مہینے کے آغاز اور عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق مختلف ممالک میں چاند دیکھنے کے طریقہ کار کے فرق کے باعث بعض اوقات اسلامی مہینوں کے آغاز اور عید کی تاریخوں میں ایک یا دو دن کا فرق آ جاتا ہے