محسن نقوی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

محسن نقوی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے صدارتی محل میں اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،یہ ملاقات تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی جس میں اعلیٰ سطحی حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران ایران کے وزیر داخلہ اور ایران کے وزیر خارجہ بھی شریک تھے ،گفتگو کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرحدی تعاون میں بہتری اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔

 ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، سلامتی کے چیلنجز اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کے امور بھی زیر بحث آئے، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے قریبی رابطے اور مسلسل مکالمہ ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے موجود ہیں جو تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک سرحدی سلامتی، تجارتی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اعلیٰ سطحی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں

editor

Related Articles