پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں یکم ذوالحجہ1447 ہجری کل 18مئی بروز پیر ہوگی جبکہ عید الاضحی27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزادنے کی،اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تصدیق کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ ذوالحجہ کا چاند نظر آ چکا ہے اور نئے اسلامی مہینے کا آغاز کل 18 مئی سے ہوگا۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی رپورٹس بھی زیر غور آئیں، جس کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذوالحجہ18 مئی اور عید الاضحیٰ 27 مئی بدھ کو ہوگی۔
عید الاضحیٰ مسلمانوں کا اہم مذہبی تہوار ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں سنت ابراہیمی کے تحت جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے ،اس سے قبل ترکیہ اور تیونس نے بھی سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ عید الاضحی 27 مئی کو منائی جائے گی۔
انڈونیشین وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا ،ادھر ملائشیا میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا اور عیدا لاضحی ٰ 27مئی کو منائی جائے گی۔