سعودی عرب کی جانب سے ذوالحجہ کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہو گیا ہے۔سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے اور عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے چاند نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کیا ہے،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں یکم ذوالحجہ 18 مئی کو ہوگی، جبکہ وقوف عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا اور عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
ادھر جنوب مشرقی ایشیائی ملک انڈونیشیا میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی ہے، ادھرانڈونیشیا کی وزارت مذہبی امور نے چاند کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
اسی طرح تیونس اور ترکیہ میں بھی ذوالحجہ کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے،تیونس نے پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ قرار دیا ہے جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تیونس ذوالحجہ کے آغاز کا اعلان کرنے والا پہلا ملک قرار دیا گیا ہے، جہاں ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ قرار دے کر چاند کی تصدیق کی گئی۔
دوسری جانب ترکیہ نے بھی پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ مقرر کیا ہے۔ ترکیہ میں چاند دیکھنے کے روایتی طریقے کے بجائے فلکیاتی حساب کتاب پر مبنی پہلے سے تیار شدہ اسلامی کیلنڈر پر عمل کیا جاتا ہے، جس کے تحت یہ تاریخیں پہلے سے طے شدہ ہوتی ہیں۔