پاکستان اور آذربائیجان نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آذربائیجان کے وزیر اقتصادی امور مائیکل جباروف کے درمیان باکو میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، سیاحت، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان موجود سیاسی اور سفارتی تعلقات کو اب مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو عملی فوائد حاصل ہو سکیں۔ اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ سرمایہ کاری میں سہولت، مشترکہ منصوبوں کی نشاندہی اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لیے سفارشات تیار کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب پنجاب کی جانب سے ورکنگ گروپ کی سربراہی کریں گی۔ یہ گروپ چند ماہ کے اندر قابلِ عمل تجاویز اور منصوبے پیش کرے گا جبکہ سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ، تجارتی رکاوٹوں میں کمی اور منڈیوں تک بہتر رسائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر آذربائیجان کے وزیر اقتصادی امور کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور مقامی مصنوعات کی قدر بڑھانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔