ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فیصلہ کن، سخت اور عبرتناک جواب دیا جائے گا۔
تہران میں جاری ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں جاری بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم نے حالیہ حالات میں ثابت کر دیا ہے کہ ایران کو دھمکیوں اور دباؤ کے ذریعے جھکانے کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ایرانی عوام نے ثابت قدمی اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دشمن کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے ایران کو اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹایا جا سکتا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس سے قبل اپنے ایک اور بیان میں اسرائیل کو بھی خبردار کیا تھا کہ اگر لبنان پر حملے نہ روکے گئے تو ایران نہ صرف امریکہ کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل روک سکتا ہے بلکہ لبنان کے خلاف کارروائیوں کے مقابلے میں بھرپور انداز میں کھڑا ہوگا۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جارحانہ پالیسیوں کا خاتمہ ضروری ہے، تاہم اگر ایران یا اس کے اتحادیوں کے خلاف کوئی اقدام کیا گیا تو تہران اس کا سخت جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا۔